اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ برطانوی اخبارگارجین نے دعوی کیا ہے حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان خفیہ مذاکرات کا سلسلہ ستمبر سے دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ قطر میں حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے دو دور مکمل ہوچکے ہیں جس میں طالبان کے ہلاک ہوجانے والے سرغنہ ملا عمر کا بھائی ملا عبدالمنان آخوند بھی شریک تھا۔ ملا عبدالمنان نے اس موقع پر افغانستان کے قومی سلامتی کے ادارے کے سربراہ معصوم استانکزئی سے بھی ملاقات کی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ملا عمر کا بیٹا ملا محمد یعقوب بھی مذاکرات میں شرکت کے لیے عنقریب قطر جانے والا ہے۔برطانوی اخبار نے طالبان رہنما کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قطر میں ہونے والی ملاقاتوں میں کوئی بھی پاکستانی عہدیدار شریک نہیں تھا البتہ ایک اعلی امریکی سفارت کار نے دونوں فریقوں سے مذاکرات کیے ہیں۔ ادھر کابل میں امریکی سفارت خانے نے قطر مذاکرات میں اپنے کسی بھی اہلکار کی شمولیت کی تردید کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان قطر مذاکرات کا آخری دور ملا عمر کی ہلاکت کے اعلان سے پہلے ہوا تھا۔طالبان سرغنہ ملا عمر کی پاکستان میں ہلاکت کی خبر سامنے آنے کے بعد حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲